قاتلانہ حملے میں ڈونلڈ ٹرمپ گولی لگنے سے زخمی، حملہ آور ہلاک
Reading Time: 2 minutesامریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے ہیں جبکہ خفیہ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور اور ریلی میں شریک ایک شہری مارے گئے۔
خفیہ اہلکار سابق امریکی صدر کو سٹیج سے بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہو گئے۔ ٹرمپ کے کان کو گولی چیرتے ہوئے نکل گئی۔
حکام کے مطابق ٹرمپ کی ریلی میں فائرنگ کا واقعہ ریاست پنسلوانیا میں پیش آیا۔
فائرنگ کے بعد جب سکیورٹی اہلکاروں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو سٹیج سے اتارا تو ان کا چہرہ خون آلود تھا۔
سیکرٹ سروس کے ایجنٹس جب انہیں گاڑی کی طرف لے جا رہے تھے تو سابق صدر نے ریلی میں شرکا کی جانب فضا میں اپنا مکا لہرایا۔
امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے انتخابی ریلی میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کو قاتلانہ حملہ قرار دیا ہے۔
پنسلوینیا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ایف بی آئی پٹسبرگ فیلڈ آفس کے سپیشل ایجنٹ کیون روجیک نے کہا کہ سابق صدر پر فائرنگ کو قاتلانہ حملہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آور کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کے پاس متعلقہ حملہ آور سے متعلق معلومات ہیں تو وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کریں جس سے مدد مل سکے۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کے بعد صدر جو بائیڈن کی انتخابی ریلی ملتوی کر دی گئی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے حکام نے بتایا ہے کہ انتخابی ریلی کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ بظاہر قاتلانہ حملے کا نشانہ بنے۔
سیکرٹ سروس کے ایجنٹس نے کہا ہے انہوں نے فائرنگ کے فوراً بعد سابق صدر کو حفاظتی حصار میں لیا اور وہ ’ٹھیک ہیں‘۔
سیکرٹ سروس کے مطابق مشتبہ شوٹر نے ریلی کے باہر ایک عمارت سے فائرنگ کی جس کے بعد ایجنٹس نے اس کو مار دیا۔ سکیورٹی حکام نے حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی۔