عالمی خبریں

دنیا بھر میں آئی ٹی کمیونیکیشن میں خلل، بینکنگ نظام اور فلائٹس معطل

جولائی 19, 2024 2 min

دنیا بھر میں آئی ٹی کمیونیکیشن میں خلل، بینکنگ نظام اور فلائٹس معطل

Reading Time: 2 minutes

دنیا بھر میں آئی ٹی کمیونیکیشن میں خلل آنے کے باعث فلائٹس گراؤنڈ کر دی گئی ہیں جبکہ بینکوں کی ٹرانزیکشن رُک گئیں اور میڈیا کے اداروں کی نشریات میں تعطل آیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق جمعے کو کمیونیکیشن میں مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے امریکہ کی بڑی ایئرلائنز نے طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کے احکامات جاری کیے جبکہ دنیا کی دیگر کئی ایئرلائنز، میڈیا کمپنیوں، بینکوں اور ٹیلی کام فرمز نے اپنے آپریشنز میں خلل کو رپورٹ کیا ہے۔

امریکن ایئرلائنز، ڈیلٹا ایئرلائنز، یونائیٹڈ ایئرلائنز، الیجینٹ ایئرلائنز نے مائیکروسافٹ کے اس اعلان کے ایک گھنٹے بعد اپنے طیاروں کو گراؤنڈ کر لیا جس میں کہا گیا تھا کہ اُس کی کلاؤڈ سروسز میں درپیش مسئلہ حل کر لیا گیا ہے۔

روئٹرز کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ طیاروں کو اُڑان بھرنے سے روکنے کا فیصلہ مائیکروسافٹ کی کلاؤڈ سروسز بند ہونے کے باعث کیا گیا۔

آسٹریلیا میں میڈیا، بینکوں اور ٹیلی کام کمپنیوں کی سروسز میں بھی تعطل آیا ہے جبکہ حکومت نے کہا ہے کہ بظاہر یہ عالمی طور پر سائبر سکیورٹی فرم کی تکنیکی خرابی سے جڑا معاملہ ہے۔
کراؤڈ سورسڈ ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹکٹر کے مطابق متعدد بینکوں اور ٹیلی کام کمپنیوں کی سروسز بند ہوئیں۔

روئٹرز کے مطابق جب کراؤڈ سٹرائیک سے اس حوالے سے فون پر رابطہ کیا گیا تو وہاں ایک تکنیکی سپورٹ کی جانب سے ریکارڈڈ آڈیو پیغام میں بتایا جا رہا تھا کہ وہ مائیکروسافٹ ونڈو آپریٹنگ سسٹم سے منسلک فالکن سنسر میں خرابی کی رپورٹس سے آگاہ ہے تاہم اس میں آسٹریلیا کا ذکر نہیں کیا گیا۔

آسٹریلیا کی نیشنل سائبر سیکیورٹی کوآرڈینیٹر مشیل میک گینس کے دفتر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس بندش کو سائبر سیکیورٹی واقعہ قرار دینے کے لیے معلومات دستیاب نہیں ہیں۔

آئی ٹی نظام میں یہ بندش دور دور تک دیکھی گئی اور سپین نے اپنے تمام ہوائی اڈوں پر ایک ’کمپیوٹر کی خرابی‘ کے واقعے کی اطلاع دی، جبکہ مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے یورپ کی سب سے بڑی ایئرلائن ریان ایئر نے مسافروں کو ممکنہ مشکلات سے خبردار کیا ہے جو اس کے مطابق ’نیٹ ورک سے منسلک تمام ایئر لائنز‘ کو متاثر کرے گی۔

ریان ایئر نے مشکلات کی نوعیت کی وضاحت نہیں کی۔
کلاؤڈ سروس فراہم کرنے والے اے ڈبلیو ایس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ونڈوز ای سی2 سے کنکٹیویٹی کے مسائل کی رپورٹس کی تحقیقات کر رہا ہے۔

یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ آیا تمام جگہوں میں اس خلل کا تعلق کراؤڈ سٹرائیک کے مسائل سے تھا یا اس میں دیگر مسائل بھی تھے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے