اہم خبریں متفرق خبریں

سیاسی مافیا آپریشن عزم استحکام کو متنازع بنانا چاہتا ہے: فوجی ترجمان

جولائی 22, 2024 2 min

سیاسی مافیا آپریشن عزم استحکام کو متنازع بنانا چاہتا ہے: فوجی ترجمان

Reading Time: 2 minutes

پاکستانی فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ عزم استحکام آپریشن نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط مہم ہے۔

پیر کو جنرل ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ سیاسی مافیا چاہتا ہے کہ آپریشن عزم استحکام کو متنازع بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک انتہائی سنجیدہ معاملے کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد اہم امور پر افواج پاکستان کا موقف پیش کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عزم استحکام پر 22 جون کو نیشنل ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں متعلقہ حکام نے شرکت کی اور ایک اعلامیہ بھی جاری ہوا جس میں کہا گیا کہ قومی اتفاق رائے سے انسداد دہشت گردی کی پالیسی بنانی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ رواں برس سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف 22 ہزار 409 آپریشن کیے گئے۔ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں 137 افسران اور اہلکار جان سے گئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 398 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور روزانہ کی بنیاد پر 112 آپریشن کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق عزم استحکام آپریشن کا مقصد دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کو ازسرنو منظم بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک مضبوط لابی ہے جو چاہتی ہے کہ عزم استحکام کے اغراض و مقاصد پورے نہ ہوں۔
15 جولائی کو بنوں چھاؤنی پر حملہ حملے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس میں آٹھ اہلکار جان سے گئے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے عام شہری بھی ہلاک ہوئے۔

بنوں امن مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگلے روز ہونے والے امن مارچ میں کچھ شرپسند عناصر شامل ہو گئے۔ جس میں مسلح لوگ بھی شامل تھے۔ ایک عارضی دیوار کو گرایا گیا اور سرکاری گودام میں لوٹ مار بھی کی گئی۔

ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فوج اور فوج کی قیادت کے خلاف جو ہو رہا ہے وہ ڈیجیٹل دہشت گردی ہے اور ڈیجیٹل دہشت گردی کو قانون اور مانیٹرنگ نے روکنا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے