’سوشل میڈیا پر منظم مہم سے افراتفری‘، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سوشل میڈیا پر ملک میں افراتفری پھیلانے کی منظم مہم کے پیچھے موجود عناصر اور وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے پانچ رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔
سنیچر کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی اداروں کے خلاف مہم میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آئی جی اسلام آباد جے آئی ٹی کی سربراہی کریں گے، جبکہ ایف آئی اے سائبر کرائم کے ڈائریکٹر، ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کے ڈائریکٹر، اسلام آباد کے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور اسلام آباد سی ٹی ڈی کے ایس ایس پی بھی جے آئی ٹی کے ممبر ہوں گے۔
سائبر کرائم کیس، رؤف حسن مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے
وفاقی حکومت نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف چلائی جانے والی مہم کے محرکات جاننے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ جے آئی ٹی سوشل میڈیا پر منظم مہم چلانے والوں کو سامنے لائے گی اور کمیٹی ملزمان کی نشاندہی اور قانون کے مطابق سزا کے لیے بھی سفارشات تیار کی جائیں گی۔