کینالز نہیں بننے دیں گے، شہباز کی وزارتوں کو لات مارتے ہیں: بلاول
Reading Time: < 1 minuteپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دریائے سندھ پر کینالر بنانے کا منصوبہ ہم سب کو پیاسا مروانے کا منصوبہ ہے۔ ہم اس کی مخالفت سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔‘
جمعے کو حیدرآباد میں پارٹی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرادری نے کہا کہ ’ہم سمجھتے ہیں پانی کی منصفانہ تقیسم قومی و بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ یہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔‘
’جب عمران خان نے دریائے سندھ پر چھ کینالز بنانے کی بات کی تھی ہم نے اور آپ نے اس کی مخالفت کی تھی۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’ماضی میں بھی پانی کی منصفانہ تقسیم کی جنگ بھی شہید بے نظیر بھٹو نے لڑی تھی۔ جب انہوں نے متنازع ڈیمز کے خلاف آواز اٹھائی تھی تو ملک کے چاروں صوبوں کے جیالوں نے احتجاج کر کے یہ منصوبہ روکا۔ راجہ پرویز اشرف نے وزیر ہوتے ہوئے اس منصوبے کو دفن کر دیا تھا۔‘
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ’ہم نے ہمیشہ کہا کہ ہم پاکستان کھپے کہنے والے ہیں، ہماری بات سنو، ہم اس منصوبے کی مخالفت کرتے ہیں۔ ہم مخالفت اصولوں کی وجہ سے کر رہے ہیں۔ ہم مخالفت اس لیے کر رہے ہیں کہ وفاق خطرے ہیں۔‘
’عین ایسے وقت جب پورے ملک میں دہشت گردی کی آگ جل رہی ہے، آپ نے ایسا موضوع جیسا جس سے بھائی کے بھائی لڑنے کا خطرہ ہے۔ یہ ہم سب کو پیاسا مروانے کا منصوبہ ہے، اس پر پیپلز پارٹی نہ بولے تو کون بولے گا۔‘
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں آپ کی وزارتیں نہیں چاہییں، ہم آپ کی وزارتوں پر لات مارتے ہیں، ہمیں عزت چاہیے۔‘