ابھی حملوں کو روکا ہے پاکستان پر نظر ہے: انڈین وزیراعظم
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان نے انڈیا میں شہری علاقوں کو نشانہ بنایا مگر ان ڈرون اور میزائل حملوں کو فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنایا گیا۔
پیر کی شام قوم سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی تیاری سرحد پر وار کی تھی لیکن انڈیا نے پاکستان کے سینے پر وار کر دیا۔‘
’انڈیا کے ڈرونز اور میزائلوں نے پاکستانی فوج کے ایئربیسز کو نقصان پہنچایا جس پر پاکستان کو بہت گھمنڈ تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پہلے تین دنوں میں ہی ’انڈیا نے پاکستان کو اتنا تباہ کر دیا جس کا اسے اندازہ نہیں تھا۔ انڈیا کی کارروائی کے بعد پاکستان بچنے کے راستے ڈھونڈنے لگا۔ پاکستان دنیا بھر میں تناؤ میں کمی کا مطالبہ کر رہا تھا۔ اور پوری طرح پٹنے کے بعد اسی مجبوری میں 10 مئی کی دوپہر کو پاکستانی فوج نے ہمارے ڈی جی ایم او سے رابطہ کیا۔‘
’تب تک ہم دہشتگردی کے انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر تباہ کر چکے تھے۔ اس لیے جب پاکستان کی طرف سے کہا گیا کہ آگے کوئی دہشتگردی کا حملہ یا کارروائی نہیں کی جائے تو انڈیا نے بھی اس پر اتفاق کیا۔‘
انڈین وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم نے پاکستان کے دہشتگردی کے ٹھکانوں پر اپنی جوابی کارروائی کو ابھی صرف روکا ہے۔
’آنے والے دنوں میں ہم پاکستان کے ہر قدم کو اس پیمانے پر ناپیں گے کہ وہ کیا رویہ اپناتا ہے۔‘
مودی کا کہنا ہے کہ آپریشن سندور کے تحت پاکستان میں فضائی حملوں کے ذریعے 100 سے زیادہ دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’جب پاکستان میں دہشتگردی کے اڈوں پر انڈیا کے میزائلوں نے حملہ بولا، انڈیا کے ڈرونز نے حملہ بولا تو دہشتگردی کی عمارتیں ہی نہیں بلکہ ان کا حوصلہ بھی منہدم ہوگیا۔‘
ان کا دعویٰ تھا کہ ’بہاولپور اور مریدکے جیسے دہشتگردی کے ٹھکانے، ایک طرح سے عالمی دہشتگردی کی یونیورسٹیاں رہی ہیں۔ دنیا میں کہیں پر بھی جو بڑے دہشتگردی کے حملے ہوئے ہیں، چاہے نائن الیون ہو، چاہے لندن ٹیوب حملے ہوں یا انڈیا میں جو بڑے حملے ہوئے ہیں، ان سب کے تار کہیں نہ کہیں دہشتگردی کے انھی ٹھکانوں سے جڑتے رہے ہیں۔‘
’دہشتگردوں نے ہماری بہنوں کا سندور اجاڑا تھا۔ اس لیے انڈیا نے دہشتگردی کے یہ ہیڈکوارٹر اجاڑ دیے ہیں۔‘
مودی نے کہا کہ ’انڈیا کے ان حملوں میں 100 سے زیادہ خطرناک دہشتگردوں کی ہلاکت ہوئی۔
’دہشتگرد گذشتہ کئی دہائیوں سے کھلے عام پاکستان میں گھوم رہے تھے جو انڈیا کے خلاف سازشیں کرتے تھے۔ انھیں انڈیا نے ایک جھٹکے میں ختم کر دیا۔ انڈیا کی اس کارروائی سے پاکستان بوکھلا گیا تھا۔ اسی بوکھلاہٹ میں اس نے دہشتگردی کے خلاف انڈیا کی کارروائی کا ساتھ دینے کی بجائے پاکستان نے انڈیا پر ہی حملہ کرنا شروع کر دیا۔‘