انڈین حملے میں پاکستانی شہریوں اور افواج کے جانی نقصان کی تفصیل جاری
پاکستانی فوج نے انڈین حملوں میں شہریوں اور مسلح افواج کے جانی نقصان کی تفصیل جاری کر دی ہے۔
منگل کی صبح جاری کیے بیان کے مطابق ”انڈین افواج نے خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے ہوئے بلا اشتعال اور قابل مذمت وحشیانہ حملے شروع کیے۔
ان وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں 40 شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل تھے جبکہ 121 دیگر زخمی ہوئے جن میں 10 خواتین اور 27 بچے بھی شامل تھے۔“
آئی ایس پی آر کے مطابق ”اس سنگین جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے معرکہ حق کے جھنڈے تلے بھرپور جوابی کارروائی کی، آپریشن بُنیان نرصوص کے ذریعے درست اور نمایاں جوابی حملے کیے۔ مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کے 11 جوان شہید اور 78 زخمی ہوئے۔ ان میں سے چھ آرمی اور پانچ ایئرفورس کے اہلکار تھے۔“
بیان میں کہا گیا ہے کہ ”آرمی کے شہداء میں نائیک عبدالرحمن، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبر اور سپاہی نثار شامل ہیں جبکہ ایئرفورس کے شہداء میں سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق اور سینئر ٹیکنیشن مبشر شامل ہیں۔“
بیان کے مطابق ان کی عظیم قربانی ہمت، لگن اور غیر متزلزل حب الوطنی کی ایک لازوال علامت ہے جو ہمیشہ کے لیے قوم کی یاد میں نقش ہے۔