پاکستان

مانسہرہ میں سوشل میڈیا انفلوئنسر برفانی طوفان کی زد میں آ کر ہلاک

جنوری 26, 2026

مانسہرہ میں سوشل میڈیا انفلوئنسر برفانی طوفان کی زد میں آ کر ہلاک

ریسکیو 1122 مانسہرہ کے مطابق سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں اوگی مچئی سر نامی پہاڑ پر برفباری کے باعث لاپتہ ہونے والے نوجوان عنایت خان گلزار کو تلاش کر لیا گیا ہے تاہم اُن کی موت ہو چکی تھی۔

سنیچر کی رات لاپتہ ہونے والے نوجوان کی تلاش کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مانسہرہ ابرار علی کی ہدایت کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے اتوار کی صبح دوبارہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا تھا۔

حکام کے مطابق طویل اور مسلسل سرچ آپریشن کے دوران ریسکیو ٹیم نے ماچے سر ٹاپ کے مقام سے لاپتہ نوجوان کو تلاش کر لیا گیا جو بدقسمتی سے سرد موسم کے باعث ہلاک ہو چکا تھا۔

بیان کے مطابق ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے شدید سردی، برفباری اور مشکل پہاڑی راستوں کے باوجود فرض شناسی، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ تلاش کی اپنی ذمہ داری نبھائی۔

دوسری جانب مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا انفلوئنسر عنایت خان گلزار تحصیل اوگی ضلع مانسہرہ کا رہائشی تھا۔

ضلع تورغر کالا ڈھاکہ کے بلند پہاڑ مچئی سر کے برفانی تودے کی زد میں آ کر وفات پانے والے نوجوان کے بارے میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر نوجوانوں میں مقبول ایک مقامی انرجی ڈرنک بنانے والی کمپنی کے مالک کو متاثر کرنے کے لیے اُس کی کمپنی کے ٹین پیک ڈرنک کی پروموشن کے لیے اکیلے ہی بلند برفانی پہاڑ کی جانب چلے گئے تھے۔

موت سے قبل عنایت خان نے فیس بک پر لائیو آ کر اپنے دیکھنے والوں کو برفانی طوفان کی زد میں آنے کی اطلاع دی تھی۔

یہ ویڈیو جمعے کو اُن کے فیس بُک پر دیکھی گئی تھی۔

عنایت خان کے فیس بُک اکاؤنٹ پر برفباری اور ایڈونچر سے متعلق کئی پوسٹیں نظر آتی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے