پاکستان

جج مجوکہ نے فیصلے میں تبدیلی کر دی، کہا سٹینوگرافر کی غلطی ہے

جنوری 30, 2026

جج مجوکہ نے فیصلے میں تبدیلی کر دی، کہا سٹینوگرافر کی غلطی ہے

اسلام آباد کی مقامی عدالت کے جج افضل مجوکہ نے سوشل میڈیا پوسٹس کیس میں وکیل ایمان زینب مزاری حاضر اور ان کے شریک حیات ہادی علی چٹھہ کو جیل بھیجنے والے فیصلے سے "دہشت گرد ریاستوں” کے حوالے سے ایک متنازع پیراگراف کو حذف کر دیا ہے۔

جمعے کو کھُلی عدالت میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے بتایا کہ انہوں نے فیصلے سے اس آبزرویشن کو ہٹا دیا اور اس کے لیے سرکاری استغاثہ نے درخواست دی تھی۔

دوسری جانب پاکستان کے آئینی و قانونی ماہرین نے کہا ہے کہ جج مجوکہ جاری شُدہ فیصلے کو تبدیل کرنے کے مجاز نہیں کیونکہ قانون میں اس کی گنجائش ہی نہیں۔

بیرسٹر صلاح الدین نے ایکس پر لکھا کہ ایک بار جب فیصلہ دے دیا تو اس کو اپیل میں اس سے بڑی عدالت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

ایڈووکیٹ ابوذر سلمان نیازی نے بھی قانون کا حوالہ دیتے ہوئے یہی رائے دی ہے۔

ایک عدالتی اہلکار نے ڈان اخبار کو بتایا کہ رواں ہفتے کے اوائل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار کو ایک سیل بند لفافے میں ترمیم شدہ ورژن بھجوایا گیا۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ جج نے فیصلہ اپنے سٹینو گرافر کو لکھوایا تھا اور پہلی ریڈنگ کے دوران واضح طور پر ہدایت کی تھی کہ مشاہدے پر مشتمل پیراگراف کو حذف کر دیا جائے۔ تاہم، سٹینو گرافر نے نادانستہ طور پر پیراگراف کو برقرار رکھا جس پر شام کے وقت جج نے دستخط کر دیے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈان اخبار کی اس خبر کی تردید جج افضل مجوکہ کی عدالت میں اُس دن کی صورتحال کرتی ہے جب دونوں وکلا کو سزا سنانے کے فیصلے سے قبل میڈیا کو چار گھنٹے انتظار کرایا گیا۔

جج مجوکہ کے فیصلے میں دلیل دی گئی ہے کہ دُنیا میں چار دہشت گرد ریاستیں ہیں جن میں ایران شامل ہے۔

فیصلے کے اس پیراگراف کے ذریعے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کا جرم ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ انہوں نے پاکستان کو دہشت گرد ریاست کہا حالانکہ اس فہرست میں پاکستان کا نام شامل نہیں۔

تاہم جج مجوکہ نے اپنے فیصلے میں وہ ٹویٹس شامل کیں اور نہ ہی اُن کی نشاندہی کی جن میں دونوں ملزمان نے ایسی بات کی تھی۔

دوسری جانب ایران کو دہشت گرد ریاست قرار دینے کے فیصلے کے پیراگراف نے پڑوسی ملک کو ناراض کیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے