نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں فوجی افسران کے تقرر کے لیے خط
پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) خرم علی نے کہا ہے کہ فوج کے ٹیکنیکل افسران، جو سائبر امور کے ماہر ہیں، سے کہا گیا ہے کہ وہ این سی سی آئی اے کو اپنی خدمات فراہم کریں۔
ابتدائی طور پر ان افسران کا تقرر ایجنسی کے چھ بڑے سٹیشن میں کیا جائے گا۔ افسران میجر یا کرنل کے عہدے کے ہوں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کو اس حوالے سے خط میں ڈائریکٹر جنرل نے لکھا کہ سائبر ٹیک کے حوالے سے فوج کے ٹیکنیکل افسران (سگنل برانچ) کی قابلیت قابل تعریف ہے اور ان کی تعیناتی سے ادارے میں بہت بہتری آئے گی اور سائبر سکیورٹی کے حوالے سے بھی بہت مدد ملے گی۔

