پاکستان

خیبر پختونخوا کے تین اضلاع میں دہشت گردوں کے حملوں میں 21 ہلاکتیں، 27 زخمی

فروری 17, 2026

خیبر پختونخوا کے تین اضلاع میں دہشت گردوں کے حملوں میں 21 ہلاکتیں، 27 زخمی

صوبہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی و مبینہ خودکش حملے کے الگ الگ واقعات کے نتیجے میں 12 پولیس اور ایف سی اہلکاروں سمیت 21 اموات ہوئی ہیں جبکہ27 افراد زخمی ہیں۔

‏پیر کو صوبے کے تین اضلاع بنوں، شانگلہ اور باجوڑ دہشت گردوں کے حملوں کا نشانہ بنے۔

پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ ضلع باجوڑ کے علاقے ماموندکے میں شام کے وقت سکیورٹی چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کیے گئے مبینہ خودکش حملے میں 10 اہلکاروں کی جانیں چلی گئیں۔

قبل ازیں باجوڑ میں ہی ایک گھر کے قریب مارٹر گولہ گرنے سے ایک کمسن لڑکی کی موت واقع ہوئی جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے۔

ادھر پولیس حکام نے بتایا کہ ضلع شانگلہ میں پیر کی سہ پہر دہشت گردوں کے خلاف پولیس کے آپریشن کے دوران تین اہلکار جان سے چلے گئے جبکہ تین حملہ آور بھی مارے گئے۔

پیر کی صبح ضلع بنوں میں پولیس تھانے کے قریب موٹر سائیکل پر رکھے بارودی مواد کے پھٹنے سے دو ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی تھی۔

پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اس واقعے میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے