ضلع چارسدہ میں تراویح کے دوران دو فریقوں کی ایک دوسرے پر فائرنگ، چار ہلاک
خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں تراویح کے دوران مسجد میں فائرنگ سے باپ بیٹے سمیت 4 افراد مارے گئے ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق تراویح کے دوران مسجد میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔
واقعہ تھانہ بٹگرام کی حدود میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق تحصیل شبقدر کے علاقہ بٹگرام میں خواتین کی وجہ سے دو فریقوں میں تنازع تھا جس کے دوران مسجد میں ایک دوسرے پر فائرنگ کی۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ شبقدر کے علاقے اللہ داد خیل مسجد میں نمازِ تراویح کے دوران پیش آیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق مسجد میں موجود افراد کے درمیان اچانک فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔
مارے جانے والوں میں پرویز ولد مہردل، عنایت ولد جان محمد، ایاز ولد طورسم اور ذاکر ولد ایاز ساکنان اللہ داد خیل بٹ گرام شامل ہیں۔
فائرنگ کے دوران مسجد میں موجود کچھ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 شبقدر کی ایمبولینس فوری طور پر موقع پر پہنچیں، لاشوں اور زخمی افراد کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شبقدر منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

