اخراجات میں کمی، پشاور میں امریکی قونصلیٹ بند کرنے کا فیصلہ
اخراجات میں کمی اور بچت کا حوالہ دیتے ہوئے امریکہ نے پشاور میں اپنے قونصلیٹ کو مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے رواں ہفتے پاکستان کے شہر پشاور میں اپنے سفارتی دفتر کو مستقل طور پر بند کرنے کے فیصلے کو حتمی شکل دی ہے۔
محکمے کے مطابق یہ قونصلیٹ 2001 کے بعد افغانستان کو رسد کی منتقلی کے لیے ایک اہم لاجسٹک مرکز کے طور پر کام کرتا تھا۔
اس دفتر میں اس وقت 18 امریکی سفارتی ملازم کام کر رہے ہیں۔
کانگریس نے کہا کہ اس بندش سے تقریباً 8 ملین ڈالر (80 لاکھ ڈالر) سالانہ کی بچت متوقع ہے اور اس کی بندش سے امریکی قومی مفادات پر منفی اثر نہیں پڑے گا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے اس اقدام کو آپریشنل اخراجات کو کم کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس فیصلے کا تعلق حالیہ علاقائی پیش رفت سے نہیں۔

