ڈی ایچ اے اسلام آباد میں بچوں کے سامنے ٹک ٹاکر ثنا کے قتل اور شوہر کی خودکشی کا ہولناک واقعہ
اسلام آباد میں عید کے دن ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر خاتون کے شوہر کے ہاتھوں قتل کو پاکستان میں میڈیا نے بڑی خبر بننے نہیں دیا۔
ٹک ٹاکر ثنا جاوید کو اسلام آباد کے ہمک تھانے کی حدود میں ڈی ایچ اے فیز2 میں ایک شاپنگ مال کے قریب قتل کیا گیا۔
پولیس کی تفتیش کے مطابق ملزم نے خود کو سر میں گولی مارنے سے پہلے مقتولہ پر دو گولیاں چلائیں۔
پولیس نے مقتولہ کی شناخت ثناء جاوید کے نام سے کی جس کا آؤٹ لوفارا نامی ٹک ٹاک اکاؤنٹ تھا جو اٹک کی مستقل رہائشی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم محمد صادق بھی اٹک کا رہائشی تھا اور اس سے قبل اٹک پولیس میں بطور کانسٹیبل خدمات انجام دے رہا تھا تاہم اسے ملازمت سے برخاست کر دیا گیا تھا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ملزم نے پہلے اپنی بیوی کو گولی ماری اور پھر خود کو سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی۔
پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے فائر کی گئی گولیوں کے تین خول اور ایک نائن ایم ایم پستول برآمد کیا گیا۔
تھانہ ہمک میں درج کی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق ایک پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ نے پولیس کو اطلاع دی کہ وہ ڈی ایچ اے فیز II میں واقع ایک مارکیٹ میں اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔
گارڈ کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے پہلے دن پارکنگ ایریا سے گولیاں چلنے کی آوازیں سنی اور دیکھا کہ سرخ لباس میں ملبوس ایک خاتون زمین پر پڑی ہے۔
سکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ تقریباً 24 سال کی عمر کا ایک شخص موقع پر موجود تھا جس کے ہاتھ میں پستول تھا، جس نے بعد میں خود کو سر میں گولی ماری۔
گارڈ نے بتایا کہ اس نے اپنے اعلیٰ افسران کو اطلاع دی، جنہوں نے اس واقعے کی اطلاع پولیس کو دی۔
قتل اور خودکشی کا یہ ہولناک واقعہ دو بچوں کے سامنے پیش آیا اور شاپنگ مال کے پارکنگ ایریا میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں پر ریکارڈ ہوا جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا رہا ہے کہ ایک شخص ہاتھ میں پستول لیے گاڑی سے اُترتا ہے اور قریب آنے والی سرخ لباس میں ملبوس خاتون پر گولی چلاتا ہے، وہ گر جانے والی خاتون کو قریب کھڑے ہو کر ایک اور گولی چلاتا ہے۔
اس دوران دو بچے گاڑی سے اُتر کر اس کے قریب آتے ہیں، ان میں ایک لڑکی اور ایک لڑکا ہے۔ مذکورہ شخص ہاتھ میں پستول لیے اپنی کنپٹی پر رکھتا ہے اور چند سیکنڈز ٹہلتا ہے۔
اس دوران بچے بھی قریب ہی ہیں اور پھر وہ شخص اپنی کنپٹی پر گولی چلا کر گر پڑتا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مقتولہ خاتون کی یہ دوسری شادی تھی اور بچے پہلے شوہر سے ہیں۔

