راولپنڈی میں شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والی دلہن گرفتار، دلہا فرار
راولپنڈی پولیس نے تھانہ مندرہ کے علاقے گوہڑہ میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے والی دلہن کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق دلہن کے پاس پستول کا لائسنس بھی نہیں تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لہنگا پہنے دلہن ثناء شہریار فائرنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کی گئیں، جبکہ دلہا موقع سے فرار ہوگیا جس کا تعاقب جاری ہے۔
پولیس کے مطابق واقع تھانہ مندرہ کی حدود میں گزشتہ رات پیش آیا، دلہن کی فائرنگ کرنے کی ویڈیو موصول ہوئی ہے، مقدمہ درج کرکے پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔
پولیس کا بتانا ہے کہ دلہے نے دلہن کو پستول دیا، فوٹوگرافر نے ڈائریکشن دی اور دلہن نے فائر کھول دیے، دلہن نے فرار ہونے کی کوشش کی مگر لیڈی کانسٹیبل نے کوشش ناکام بنادی۔
پولیس کے مطابق مخبر نے ہوائی فائرنگ کی خفیہ اطلاع پولیس کو دی تھی، جب کہ دلہن کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا، دلہن کے ورثاء نے ضمانت کی درخواست دائر کردی ہے۔

