پاکستان میں پیٹرول پر عائد لیوی میں 80 روپے کی کمی کا اعلان
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول پر عائد لیوی میں 80 روپے کی کمی کا اعلان کیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 378 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ایک رات قبل پیٹرولیم لیوی کو گذشتہ شب ہی 105 روپے سے بڑھا کر 160 روپے فی لیٹر کیا گیا تھا۔ مگر اب اس میں 80 روپے کی کمی کی گئی ہے، یعنی اب بھی پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر لیوی وصول کی جائے گی۔
جمعے کی شب قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’پیٹرول کی قیمت کم کرنے کے لیے لیوی میں فوراً 80 روپے کمی کا اعلان کر رہا ہوں۔ پیٹرول کی قیمت جسے بڑھا کر 458 فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا، اب 378 روپے فی لیٹر ہو گی جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گا۔‘
گذشتہ شب وفاقی وزرا نے ایک پریس کانفرنس میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 137 روپے 23 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 184 روپے 49 پیسے اضافے کا اعلان کیا تھا۔ اس اضافے کے بعد پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 458 روپے 41 پیسے ہو گئی تھی جس میں اب جمعے کو 80 روپے کی کمی کی گئی ہے۔
ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 520 روپے 35 پیسے مقرر کی گئی تھی جسے برقرار رکھا گیا ہے۔

