افغانستان میں زلزلے سے مکان منہدم، ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد ہلاک
افغانستان میں حکومت نے تصدیق کی ہے کہ جمعے کی شام زلزلے کے نیتجے میں کابل صوبے کے بگرامی ضلع میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق جمعے کی شام آنے والے زلزلے کی شدت 5٫8 تھی جبکہ اس کی گہرائی 181 کلو میٹر تھی۔
زلزلے کے جھٹکے افغانستان، پاکستان اور انڈیا میں بھی محسوس کیے گئے۔
کابل کے گورنر کے میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ زلزلے کے شدید جھٹکوں سے ضلع بگرامی کے علاقے گوسفندرہ میں ایک رہائشی مکان منہدم ہو گیا۔
صوبائی ترجمان حافظ بشارت نے کہا کہ تمام متاثرین ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ ایک گھر مکمل طور پر گرنے سے باپ، ماں، چار بیٹیاں اور دو بیٹے ہلاک ہوئے۔
زلزلہ 181 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا جس سے عام طور پر معمولی نقصان ہوتا ہے لیکن افغانستان میں دیہی کچے مکانات اور خستہ حال ڈھانچوں کی حالت کو دیکھتے ہوئے نسبتاً ہلکے زلزلے بھی بڑے نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، صوبہ خیبر پختونخوا اور شمالی گلگت بلتستان کے رہائشیوں نے بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کرنے کی اطلاع دی۔ زلزلے کے جھٹکے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے کچھ حصوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

