خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں نادرا دفتر پر مسلح افراد کی فائرنگ، دو پولیس اہلکار قتل
صوبہ خیبر پختوںخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں قومی رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دفتر پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکار قتل کر دیے ہیں-
ضلعی پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے بکاخیل کے علاقے میں واقع نادرا کے دفتر کی سکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار کانسٹیبل رفیع اللہ اور گل شاہ نور کی جانیں چلی گئی ہیں-
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی تاہم اس سے قبل ہی مسلح افراد وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے تھے-
پولیس حکام نے بتایا کہ مارے جانے والے دونوں سکیورٹی اہلکاروں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا-
مقامی حکام کے مطابق پیر کی صبح مسلح افراد کی فائرنگ سے تھانہ میریان کنگر ضلع بنوں میں ایک پولیس کانسٹیبل شیر محمد قتل کیے گئے تھے-
اس طرح ایک دن میں مسلح افراد کی فائرنگ سے تین سکیورٹی اہلکار اپنی جانوں سے چلے گئے-
فائرنگ کے واقعات کے بعد بنوں پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشن اور چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے-

