پاکستان

پاکستانی وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے دو گھنٹے ملاقات، اسلام آباد سے بیان جاری

اپریل 16, 2026

پاکستانی وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے دو گھنٹے ملاقات، اسلام آباد سے بیان جاری

پاکستان کے وزیراعظم کے دفتر نے شہباز شریف کی جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے بارے میں ایک بیان جاری کیا ہے۔

بیان کے مطابق ’تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں مملکت سعودی عرب کے لیے مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انھوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔‘

اس کے مطابق شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو ’پاکستان کی امن کوششوں سے متعلق حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا جس کی وجہ سے امریکہ ایران جنگ بندی ہوئی اور حال ہی میں اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی مذاکرات کا دور ہوا۔

بیان میں کہا گیا یے کہ ولی عہد نے امن کے اس عمل میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تعمیری کردار کو سراہا۔‘
’دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے، وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے مملکت سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر ولی عہد سعودی عرب کے لیے اپنی مخلصانہ تعریف کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور مملکت کے درمیان منفرد تعلقات ہیں کیونکہ دونوں ممالک پاکستان-سعودی عرب سٹریٹیجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت اسٹریٹجک دفاعی شراکت دار ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے