کوئی بھی سعودی عرب کی جانب آنکھ اٹھا کے نہ دیکھے: پاکستانی وزیر خارجہ
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ اہم سنگ میل ہے۔
اُن کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی میں ’ہم نے فریقین کو باور کروایا کہ دفاعی معاہدے کے باعث سعودی عرب ہمارے لیے نو گو ایریا ہے کہ کوئی بھی اس کی جانب آنکھ اٹھا کے نہ دیکھے۔‘
اسلام آباد میں پاکستان علماء کونسل کے زیرِ اہتمام چھٹی بین الاقوامی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈا ر نے کہا کہ ’اللہ نے پاکستان کو سعادت بخشی کہ حرمین شریفین کے محافظ ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا معاہدہ گزشتہ سال ہوا اور ہمارا سکورڈن سعودی عرب میں اب بھی موجود ہے۔‘
اسحاق ڈار نے علما کو بتایا کہ ’ایران کہتا تھا کہ امریکی ہماری بیس پر حملے کر رہے ہیں۔ پاکستان امریکہ اور ایران کو 47 سال کے بعد مذاکرات کی میز پر لایا۔ ہم نے امریکہ ایران سے کہا کہ آپ ساتھ بیٹھیں، ہم سے کہا گیا کہ آپ بھی ہمارے ساتھ بیٹھیں۔‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ ’ایران کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان اس سے پہلے بالواسطہ مذاکرات ہوتے رہے، پاکستان کی ثالثی میں امریکا ایران کے درمیان اسلام آباد میں 21 گھنٹے مذاکرات ہوئے۔‘
انھوں نے کہا ہے کہ ’حرمین شریفین کی پاسداری کے لیے ہماری جان بھی حاضر ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ اہم سنگ میل ہے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کا بے بنیاد الزام لگا کر انڈیا پاکستان پر حملہ آور ہوا، پاکستانی قوم نے معرکۂ حق میں مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

