پاکستان24 متفرق خبریں

پاور فل شخص کو دیکھنے کا مشتاق ہوں، چیف جسٹس

مارچ 2, 2018 2 min

پاور فل شخص کو دیکھنے کا مشتاق ہوں، چیف جسٹس

Reading Time: 2 minutes

سپریم کورٹ میں پاکستان کے پاور فل شخص کی نشاندہی کی گئی ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا ہے کہ اب تو میں بھی اس شخص کو دیکھنے کا مشتاق ہوں _

ادویات کی قیمتوں کے تعین کے لیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان ڈریپ کے سربراہ نے بتایا ہے کہ طاقتور ڈرگ مافیا کے خلاف وزارت صحت اور ڈریپ کارروائی کرنے سے قاصر ہے، انہوں نے کہا کہ ڈریپ نے مدد کے لئے سپریم کورٹ کے ایچ آر سیل میں درخواست دائر کر دی ہے _

پاکستان 24 کے نامہ نگار کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کے سامنے ڈریپ کے سربراہ نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد میں ایورسٹ نام کی کمپنی سیکس ادویات بناتی ہے، اس کے مالک محمد عثمان اتنے طاقتور ہیں کہ ہمارا کوئی افسر اس کی کمپنی یا دفتر میں نہیں جا سکتا، ہم چار سال سے اس کمپنی کے خلاف بے یارومددگار ہیں _

پاکستان 24 کے نامہ نگار کے مطابق سی ای او ڈریپ نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی کارروائی کرتے ہیں، ہمیں نیب اور ایف آئی اے والے بلا لیتے ہیں، کمپنی نے ڈریپ نوٹس کے جواب میں ہمارے خلاف تیس سے زائد مقدمات کر رکھے ہیں _

سی ای او ڈریپ نے بتایا کہ اسلام آباد کی اس کمپنی کے تیار فارمولوں کی دنیا میں کہیں منظوری نہیں، ہمارا ہر افسر اس شخص کے دفتر تک جانے سے ڈرتا ہے _ چیف جسٹس نے کہا کہ اب تو میں بھی اس شخص کو دیکھنے کا مشتاق ہو گیا ہوں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کہیں ایسا نہ ہو اس کے آنے پر مجھے یہ نوٹس بھی واپس کرنا پڑ جائے _

پاکستان 24 کے نامہ نگار کے مطابق ڈریپ کے سربراہ نے عدالت کو بتایا کہ ڈی آئی جی رفعت مختار بھی ہمیں سیکس ادویات والی کمپنی کی وجہ سے دھمکاتا ہے، یہ ہمارے خلاف خبریں بھی چھپواتا ہے، اس کا بہت زیادہ اثر و رسوخ ہے _ چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے حیرت ہے ملک کا ادارہ ایسی درخواست لے کر آیا ہے، کیا ملک کے اداروں سے بھی کوئی طاقتور ہو سکتا ہے _

عدالت کے استفسار پر سیکرٹری صحت نے بتایا کہ اس کمپنی اور اس کے مالک کی مدد نیب اور ایف آئی اے کے افسران کر رہے ہیں جو ہمیں کارروائی کرنے پر ہراساں کرتے ہیں _

پاکستان 24 کے نامہ نگار کے مطابق سپریم کورٹ نے ایورسٹ کمپنی کے مالک محمد عثمان اور اس کے مددگار پولیس ڈی آئی جی کے ساتھ ایڈیشنل ڈی جی نیب کو ذاتی طور پر طلب کر لیا، کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی گئی _

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے