اسد عمر کو کیوں نکالا؟
Reading Time: 2 minutesپاکستان کی قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک دھواں دار تقریر کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ وزیر خزانہ اسد عمر کو کیوں نکالا؟۔
بلاول بھٹو نے فواد چودھری کو نکالنے کا بھی سوال کیا اور حفیظ شیخ کو مشیر بنانے پر بھی طنز کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ اسد عمر کو آئی ایم ایف مذاکرات اور معاہدے سے ایک ہفتہ جبکہ بجٹ پیش کرنے سے ایک ماہ پہلے کیوں نکالا؟ اور ان کی جگہ کس کو رکھا؟ آصف زرداری کے وزیر حفیظ شیخ کو؟
بلاول نے وزیراعظم عمران خان کوایک بار پھر ‘سلیکٹڈ’ کہا جس پر ہنگامہ آرائی ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’سلیکٹڈ وزیراعظم نااہل اور نالائق ہے ۔‘
بلاول بھٹو کی تقریر کے دوران حکمران جماعت تحریک انصاف کے وزرا اور ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر احتجاج کیا ۔
وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب خان نے کہا کہ ’ہمارے وزیراعظم کا اگر کوئی احترام نہیں کرے گا تو ہم اس کو بولنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’مجھے بولنے سے روکا تو آپ کا وزیراعظم ایوان میں گھس بھی نہیں سکے گا۔‘
اپنی تقریر کے دوران بلاول نے کابینہ میں رد و بدل پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ ’وزیروں کو نکالنے سے ہمارے سلیکٹڈ وزیراعظم اپنی نا اہلی اور ناکامی نہیں چھپا سکتے ہیں۔ ‘
اسپیکر نے حکومتی جماعت کے شور شرابے اور احتجاج کے دوران کہا کہ ‘سلیکٹڈ’ لفظ کو حذف کیا جاتا ہے جس پر بلاول نے کہاکہ ’آپ کو کیسے آٹھ مہینے بعد پتہ لگا کہ یہ جو سلیکٹڈ کا لفظ ہے یہ غلط ہے۔ یہ تو بہت تاخیری ردعمل ہے۔ ‘
اس دوران پیپلز پارٹی کے ارکان نے ایوان میں گو نیازی گو کے نعرے لگائے گئے ۔ احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر کا گھیراو کیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑیں ۔