پاکستان پاکستان24

بنوں، میرانشاہ میں سینکڑوں کا احتجاج

مئی 28, 2019

بنوں، میرانشاہ میں سینکڑوں کا احتجاج

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع وزیرستان، ٹانک اور بنوں کے مختلف علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے کرفیو کے نفاذ کے باجود سینکڑوں افراد نے چیک پوسٹ واقعہ اور پختون تحفظ موومنٹ کے رہنما علی وزیر کی گرفتاری کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا ہے۔

اس سے قبل ارکان قومی اسمبلی علی وزیر اور محسن داوڑ سمیت درجنوں افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کے محکمے کی جانب سے بنوں میں مقدمہ درج کیا گیا۔

پیر کو علی وزیر اور دیگر آٹھ گرفتار افراد کو انسداد دہشت گردی عدالت بنوں کے سپیشل جج بابر علی خان کے سامنے پیش کیا گیا جنہوں نے ملزمان کو آٹھ دن کے ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کیا۔

ادھر پشاور میں موجود ذرائع کے مطابق عسکری حکام نے وزیراعلی اور گورنر کو چیک پوسٹ واقعہ پر بریفنگ دی ہے۔

صوبائی حکومت نے پشتون تحفظ موومنٹ سے رابطے کر کے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی تاہم مقامی قیادت اور مظاہرین کی جانب سے پہلے گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دریں اثنا رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ اپنے علاقے میں سینکڑوں افراد کے مجمع سے پشتو میں خطاب کرتے ہوئے چیک پوسٹ فائرنگ واقعہ میں ہلاکتوں کی مذمت کر رہے ہیں۔

محسن داوڑ مظاہرین سے کہہ رہے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے میڈیا نے ہمیشہ پشتونوں کے خلاف پروپیگنڈہ کیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے