وزیرستان: دھماکے میں تین افسران سمیت چار فوجی ہلاک
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ایک حملے میں اس کے چار اہلکار مارے گئے ہیں جن میں تین افسران بھی شامل ہیں۔ حملے میں چار اہلکاروں کے زخمی ہونے کا بھی بتایا گیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری کیے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیر ستان کے علاقے خرکمر میں آئی ای ڈی دھماکے سے جانی نقصان ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ”دہشت گردوں نے آئی ای ڈی سڑکے پر نصب کرکے فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے دھماکے میں تین افسر اور ایک جوان شہید ہوا۔“
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں چار جوان زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والوں میں لیفٹینٹ کرنل راشد کریم، میجر معیز مقصود، کیپٹن عارف اللہ اور لانس حوالدار ظہیر شامل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے بم دھماکے کی سخت مذمت کی ہے۔

