بھارتی فائرنگ سے سات پاکستانی فوجی شہید
Reading Time: < 1 minuteمتنازعہ علاقے کشمیر میں پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے فائرنگ کی ہے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے سات پاکستانی فوجی مارےگئے ہیں۔ پیر کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر رات گئے فائرنگ کی اور پاکستانی فوج نے بھی فائرنگ سے جواب دیا۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی ہے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر بھاری اسلحہ استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے زیر انتظام کشمیر میں کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام رہا ہے اور اس سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے وہ کنٹرول لائن پر فائرنگ کرتا ہے۔ دوسری جانب سفارتی محاذ پر دونوں ممالک ایک دوسرے کے سفارتی عملے پر جاسوسی کے الزامات بھی لگا رہے ہیں۔