بختاوراورآصفہ بھٹو،انتخابی میدان!
رپورٹ: عبدالجبارناصر
سندھ اسمبلی کی لاڑکانہ سے خالی نشست پر سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹیوں بختاور بھٹو زرداری یا آصفہ بھٹوزرداری کو ضمنی انتخاب میں امیدوار بنانے پر پیپلزپارٹی نے مشاورت شروع کردی ہے ، جبکہ الیکشن کمیشن نے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے معظم علی عباسی کی نا اہلی اور ضمنی انتخاب کے لئے انتخابی آفیسران کی تقرری کانوٹیفیکشن جاری کردیاہے اور انتخابی شیڈول جمعہ (آج) یا پیر کو جاری کیا جائے گا۔
سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 11لاڑکانہ کی نشست گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے معظم علی عباسی کو عدالت عظمیٰ کی جانب سے 22 اگست کو نا اہل قرار دینے سے خالی ہوئی ہے ۔ معظم علی عباسی کے خلاف درخواست پیپلزپارٹی کی خاتون رکن سندھ اسمبلی ندا کھوڑو نے دی تھی۔
ذرائع کے مطابق اس خالی نشست پر متوقع ضمنی انتخاب کے لئے پیپلزپارٹی سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹیوں بختاور بھٹو زرداری یا آصفہ بھٹوزرداری کو امیدوار بنانے پر پیپلزپارٹی نے مشاورت شروع کردی ہے ۔پیپلزپارٹی سندھ کے اہم رہنماء کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ کے عوام کا بختاور بھٹو زرداری یا آصفہ بھٹو زرداری امیدوار بنانے پر دبائو ہے اور پارٹی اس پر غور کر ے گی۔
دوسری جانب سے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور سابق سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی سابق سینیٹر ڈاکٹر جمیل سومرو بھی مضبوط امیدوار ہیں۔ پاکستان پیپلز پارلیمنٹیرین نے ضمنی انتخاب کے لئے درخوستیں طلب کر لی ہیں۔
پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء فرحت اللہ بابر کے مطابق خواہش مند امیدوار 4ستمبر تک درخواستیں 30 ھزار روپے کے بنک ڈرافٹ کے ساتھ جمع کراسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے پیپلزپارٹی ورکرز کے اہم رہنماء حاجی منور علی عباسی کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے جمعرات کو سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 11 لاڑکانہ سے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی اسمبلی ممبر شپ کا 7 اگست 2018ء کا نوٹیفکیشن منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور ساتھ ہی ضمنی انتخاب کے لئے انتخابی آفیسران کا تقرر بھی کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفیکشن کے مطابق ریجنل الیکشن کمشنر حیدر آباد سید ندیم حیدر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ، دسٹرکٹ الیکشن کمشنر کراچی وسطی محمد یوسف ریٹر ننگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر لاڑکانہ اختر حسین کوریجو اور اسسٹنٹ الیکشن کمشنر لاڑکانہ اقبال احمد تونیو اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق انتخابی شیڈول جمعہ کو (آج) جاری کرنے کی تیاری کر رہا ہے ، بصورت دیگر پیر کو جاری کیا جائے گا۔

