معصوم زہرہ شاہ کے قتل کیس میں کیا پیش رفت؟
Reading Time: < 1 minuteراولپنڈی کے علاقے بحریہ ٹاؤن میں پنجرے سے طوطے اڑانے پر مبینہ طور پر مالک مکان کے تشدد سے ہلاک ہونے والی کم سن گھریلو ملازمہ کے قتل کے مقدمے میں تفتیش کے دوران ملزمان کے موبائل فون سے تشدد کی ویڈیوز بھی ملی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول زہرہ شاہ کے قتل کے الزام میں زیرحراست ملزمان چھ جون تک ریمانڈ پر ہیں۔
ملزم شیخ حسن صدیق کے موبائل فون سے ایسی ویڈیوز اور تصاویر ملی ہیں جن میں معصوم ملازمہ پر تشدد کیا جا رہا ہے اور اسے خوفزدہ کیا جا رہا ہے۔
ملزمان کو علاقہ مجسٹریٹ سول جج روات رضوان حنیف شیخ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جنہوں نے چار دن کا پولیس ریمانڈ منظور کیا تھا۔
بچی کا تعلق مظفر گڑھ سے تھا اور ان کو ماموں نعیم شاہ ملزم فیملی کے پاس لے کر آئے تھے جو خود بھی اس خاندان کے پاس پانچ چھ سال ملازمت کرتے رہے۔
کم سن مقتولہ زہرہ شاہ کے والد کا نام طاہر شاہ ہے جن کے چھ بچے ہیں اور وہ خود بیمار رہتے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم پراپرٹی اور پرندوں کا بزنس کرتے ہیں۔