پاکستان

دلاور گروپ کے ووٹوں سے اپوزیشن لیڈر بنا: یوسف رضا گیلانی

مارچ 26, 2021

دلاور گروپ کے ووٹوں سے اپوزیشن لیڈر بنا: یوسف رضا گیلانی

پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت پیپلز پارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر دلاور گروپ کے ووٹوں سے بنے ہیں۔

جمعے کو اسلام آباد کے زرداری ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی دلاور گروپ کے ان چار سینیٹرز کے نام نہ بتا سکے جنہوں نے ان کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے درخواست پر دستخط کیے تھے تاہم کہا کہ ان کو مریم نواز نے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے دوران دلاور گروپ سے متعارف کرایا تھا۔

قبل ازیں سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے یوسف رضا گیلانی کو ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔

جمعے کو پیپلز پارٹی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے یوسف رضا گیلانی کی درخواست چیئرمین صادق سنجرانی کے پاس جمع کرائی تھی۔

یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان اور نیئر بخاری درخواست لے کر سینیٹ چیئرمین کے چیمبر میں پہنچے۔

پیپلز پارٹی کے اس فیصلے پر ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا تھا کہ اسی کے پاس عرضی لے کر پہنچ گئے جس کے چئرمین سینٹ الیکشن کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے-کچھ مناسب نہیں لگا-

یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے درخواست پر 30 ارکان کی حمایت لی اور ان کے دستخط کے ساتھ درخواست جمع کرائی۔
سینیٹ میں دو آزاد اراکین نے بھی اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پیپلزپارٹی کی حمایت کی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے