پاکستان

پی ڈی ایم کے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس

اپریل 5, 2021

پی ڈی ایم کے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس

پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے الیکشن میں بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے سینیٹرز سے ووٹ لینے پر پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو شوکاز نوٹس جاری کر کے وضاحت طلب کی ہے۔

پیر کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ پی ڈی ایم کے سربراہ کی منظوری سے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو شو کاز نوٹسز جاری کیے۔

شاہد خاقان عباسی کے مطابق نوٹسز واٹس ایپ کردیئے ہیں اصل کاپی آج سینیٹ اجلاس کے دوران دی جائے گی، پیپلزپارٹی اور اے این پی کو 7 دن جواب کے لیے دیئے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو جواب آئے گا اسے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد اجلاس ائندہ کی کارروائی پر فیصلہ کرے گا۔

ن لیگی رہنما نے بتایا کہ نوٹس پر لکھا ہے کہ پی ڈی ایم اس نوٹس کو پبلک نہیں کرے گی، دونوں جماعتیں چاہیں تو ان نوٹسز کو پبلک کرسکتی ہیں۔

خیال رہے کہ نو جماعتوں کے اتحاد کی دو بڑی پارٹیوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف بنائے جانے کے بعد سخت ناچاقی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے