پاکستان24 متفرق خبریں

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے طویل خط کا اصل نشانہ کون؟

اگست 25, 2021 4 min

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے طویل خط کا اصل نشانہ کون؟

Reading Time: 4 minutes

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ازخودنوٹس کے دائرہ اختیار اور تعین کے لیے قائم بینچ پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ رکنی لارجر بینچ بنانے سے قبل دو رکنی بینچ کو آگاہ نہیں کیا گیا۔

رپورٹ: جہانزیب عباسی

چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا ہے کہ آئین پاکستان میں سپریم کورٹ کے مختلف دائرہ اختیار سماعت درج ہیں، سپریم کورٹ کا ایسا کوئی دائرہ اختیار نہیں کہ وہ اپنے ہی بینچ کے امور کی مانیٹرنگ شروع کر دے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پانچ رکنی معزز بینچ کو یہ مقدمہ سننے کا اختیار ہی نہیں، اگر پانچ رکنی لارجر بینچ نے سماعت جاری رکھی تو یہ آئین سے تجاوز ہوگا، کوئی بھی شہری معلومات تک رسائی یا اظہار رائے کی آزادی کی بات کر سکتا ہے۔

جسٹس قاضی فائز کے مطابق ان کے بینچ نے حکام کو جو نوٹس کیے ان پر کسی حکومتی فریق نے اعتراض نہیں کیا، اگر کوئی اعتراض اٹھایا جاتا تو ان کو سنا جاتا۔
انہوں نے لکھا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ جو سرکاری ملازم ہے وہ بلاشبہ خود کو ایک منصف اور آئینی ماہر سمجھتا ہے، رجسٹرار سپریم کورٹ نے فوری طور پر نوٹس لیا اور چھ صفحات پر مشتمل نوٹ چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔

خط کے مطابق ہر چیف جسٹس، قائم مقام چیف جسٹس یا جج حلف کے تحت اپنے امور آئین کے تحت سرانجام دینے کا پابند ہے، اگر ایک بینچ دوسرے بینچ کی مانیٹرنگ شروع کردے تو اس سے نظام عدل زمین بوس ہو جائے گا۔

جسٹس قاضی فائز نے لکھا ہے کہ ماضی میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے سماعت کے دوران بینچ میں موجود اپنے ہی جج کو نکال کر نیا بینچ تشکیل دیا، جسٹس منصور علی شاہ نے بعد میں الگ حکم نامہ جاری کیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے اس معاملے پر تاحال غور نہیں کیا گیا، ماضی کے ایسے عدالتی آرڈر پر توجہ نہ دینے کی وجہ یہ ہے کہ کچھ چیف جسٹس کی خواہش ہے کہ وہ بے لگام اور بلا روک ٹوک اختیارات کو اپنے پاس رکھیں۔

جسٹس قاضی فائز کے مطابق چیف جسٹس یہ تعین نہیں کر سکتے کہ کون سا کیس کس بینچ میں مقرر ہوگا، بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ میں نے کبھی مجوزہ کازلسٹ جاری نہیں کی۔

انہوں نے لکھا ہے کہ سرکاری ملازم کو رجسٹرار سپریم کورٹ تقرر کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے، سرکاری ملازم کو رجسٹرار سپریم کورٹ مقرر کرنا جوڈیشل سروس میں موجود افسران کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے، حیران کن طور پر عدلیہ نے ڈیپوٹیشن پر آئے ملازمین کو واپس بھیجا لیکن ڈیپوٹیشن ملازم رجسٹرار سپریم کورٹ کام کر رہا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرار سپریم کورٹ اس قبل وزیراعظم آفس میں کام کرتے رہے ہیں، رجسٹرار سپریم کورٹ کو حکومت سے ادھار کے طور پر لیا گیا، رجسٹرار سپریم کورٹ کو لانے کا مقصد حکومتی دلچسپی کے مقدمات فوری فکس کرنا تھا۔

جسٹس قاضی فائز کے مطابق رجسٹرار سپریم کورٹ کو حکومت سے ادھار مانگ کر لانے کا مقصد حکومت کے ناپسندیدہ کیسز کو دبا کر رکھنا تھا، ایسے مقدمات کی ایک تفصیلی فہرست موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ کا میرے بینچ کے خلاف نوٹ لکھنا حکومتی مفاد اور اپنے سابقہ ساتھیوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، ازخودنوٹس کے اختیار سے متعلق نو رکنی بینچ کا فیصلہ موجود ہے۔

خط کے مطابق نو رکنی بینچ فیصلے میں قرار دے چکا ہے کہ آرٹیکل 184(3) غیر معمولی دائرہ اختیار رکھتا ہے، موجودہ پانچ رکنی بینچ نو رکنی کا فیصلہ تبدیل نہیں کرسکتا۔

جسٹس قاضی فائز نے ثاقب نثار کے دور کی جانب اشارہ ایک مرتبہ نامعلوم نمبر سے وصول ہونے والے وٹس ایپ میسیج پر ازخودنوٹس لیا گیا، وٹس ایپ ازخودنوٹس کی وجہ سے قومی خزانے کو 100 ارب روپے کا نقصان ہوا،
جب اس فیصلے پر نظر ثانی ہوئی تو مرکزی بینچ میں شامل جج جسٹس اعجازالاحسن نے اضافی نوٹ لکھ کر نظر ثانی سے اتفاق کیا۔

خط کے مطابق ریکوڈک کیس میں پاکستان کو عالمی مقدمہ بازی کا سامنا کرنا پڑا اور 6.4 ارب ڈالر کا جرمانے عائد ہوا، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا عدلیہ میں تقسیم ہے، مجھے فرائض کی ادائیگی کی وجہ سے عوامی تاثر کی بنیاد پر طنز کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم ترقیاتی فنڈز کیس میں لارجر بینچ بنا کر جسٹس مقبول باقر کو بینچ سے الگ کر دیا گیا، اس کیس میں جلدبازی میں غیر آئینی حکمنامہ جاری کیا گیا اور چیف جسٹس بینچ سے اٹھ کر چلے گئے، مجھے اس فیصلے میں وزیراعظم کے خلاف مقدمہ سننے سے ہی روک دیا گیا، میرے معزز ساتھی ججز نے مجھے اپنی بات کہنے کا موقع نہیں دیا، میرے ساتھی ججز سے اب بھی اچھے تعلقات برقرار ہیں، اس عوامی تاثر سے انکار کیا جا سکتا کہ سپریم کورٹ کے ایک جج کو ٹارگٹ نہیں کیا جا رہا۔

جسٹس فائز نے لکھا کہ اس طرح کے برتاؤ کے باوجود میں نے اپنے ساتھی ججوں سے بہتر برتاؤ روا رکھا ہے، اگر میرے ساتھی ججز کو کوئی اعتراض تھا تو وہ اس معاملے کو بینچ نمبر دو میں لے کر آتے، حیران کن طور پر یہ معاملہ اتنا خفیہ رکھا گیا کہ مجھے سپریم کورٹ کی بجائے پریس سے معلوم ہوا۔

ان کے مطابق 24 اگست کے حکمنامہ میں کہا گیا کہ ہم اصل سٹیک ہولڈرز کو سننا چاہتے ہیں، پاکستان کا ہر شہری آزادی صحافت کے لیے سٹیک ہولڈر ہے۔

آخر میں لکھا گیا ہے کہ اس خط کی کاپی سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جائے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے