امریکی ریاست کولوراڈو میں جنگل کی آگ پھیل گئی، لاکھوں کی نقل مکانی
Reading Time: < 1 minuteامریکی ریاست کولوراڈو کے جنگل میں تیزی سے پھیلنے والی آگ سے سینکڑوں گھر تباہ جبکہ درجنوں افراد زخمی اور لاکھوں رہائشی انخلا پر مجبور ہو گئے ہیں۔
خبرایجنسی روئٹرز کے مطابق خیال کیا جاتاہے کہ آگ بجلی کی تاروں اور ٹرانسفارمرز میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے رہائشی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
کولوراڈو کی میونسپلٹی بولڈر کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ادارے نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ ’انخلا کے احکامات سب سے پہلے سپیریئر کے علاقے کےرہائشیوں کے لیے جاری کیے گئے جس کی آبادی 13 ہزار ہے۔ اس کے بعد 18 ہزار افراد پر مشتمل لوئزوائل کے رہائشیوں کو بھی علاقہ خالی کرنے کا کہا گیا۔‘
کولوراڈو کی میونسپلٹی بولڈر کے محکمہ موسمیات نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’سپیریئر کے مکمل علاقے کے لیے انخلا کے احکامات ہیں۔ یہاں سے ابھی نکلیں۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ کچھ ہی گھنٹوں میں آگ کے شعلوں نے ایک ہزار 600 ایکڑ کے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور 500 سے زائد مکانات تباہ کر دیے۔