بریک نہیں لگ رہی، مرسڈیز بینز نے مارکیٹ سے لاکھوں گاڑیاں واپس منگوا لیں
Reading Time: < 1 minuteگاڑیاں بنانے والی جرمن کمپنی مرسڈیز بینز اعلان کیا ہے کہ وہ تکینکی خرابی کے باعث صارفین کے زیر استعمال لاکھوں گاڑیاں واپس منگوا رہی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مرسڈیز بینز بریکنگ سسٹم میں ممکنہ خرابی کے باعث دنیا بھر سے تقریباً 10 لاکھ پرانی گاڑیاں واپس منگوا رہی ہیں۔
جرمن کی فیڈرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ جو گاڑیاں مرسڈیز بنز نے منگوائی ہیں وہ 2004 اور 2015 کے درمیان تیار کی گئی تھیں۔
فیڈرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق جرمنی میں موجود 70 ہزار گاڑیوں سمیت دنیا بھر سے نو لاکھ 93 ہزار 407 گاڑیاں واپس منگوا لی ہیں۔
مرسڈیز بینز نے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر گاڑیوں کو مرمت کے لیے واپس منگوا رہی ہے اور متاثرہ گاڑیوں کے مالکان سے رابطہ کر رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق جن گاڑیوں کو واپس منگوایا جا رہا ہے، ان کے معائنے کے بعد جہاں ضرورت ہوگی، ان پرزوں کو تبدیل کیا جائے گا۔
’ہم اپنے صارفین سے درخواست کرتے ہیں کہ جب تک گاڑیوں کا معائنہ نہیں ہوتا، اس وقت تک اپنی گاڑیاں نہ چلائیں۔‘