زرداری پر سازش کا الزام، شیخ رشید کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام عائد کرنے کے مقدمے میں گرفتار سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو پولیس نے بدھ کو رات گئے گرفتار کیا تھا۔
شیخ رشید پر تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج ہے جس کےمطابق انہوں نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کرنے کا الزام عائد کیا تھا.
شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق نے دعوی کیا کہ ’اسلام آباد پولیس نے پنجاب کی حدود میں نجی رہائش سے گرفتار کیا ہے.‘
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی گاڑی سے اسلحہ اور مہنگی شراب کی بوتلیں برآمد کی گئی ہیں.
قبل ازیں ٹوئٹر اکاونٹ پر ایک تصویر بھی شیئرکی گئی جس میں شیخ رشید گرفتاری کے بعد تھانہ آبپارہ میں ایک کرسی پر بیٹھے ہیں۔
گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان میں شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا کہ ’لوگ سیڑھیاں لگا کر دروازے توڑ کر اندر داخل ہوئے ہیں اور بدتمیزی کی ہے، تمام ملازمین کو بے تحاشا مارا ہے اور مجھے زبردستی گاڑی میں ڈالا ہے۔‘
تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے شیخ رشید کی گرفتاری کی شدید مذمت کی تھی۔
عمران خان نے ٹوئٹر اکاونٹ پر بیان میں کہا کہ’ الیکشن کمیشن کی مقرر کردہ اتنی متعصب اور منتقم نگران حکومت ہماری تاریخ میں کبھی مسلط نہیں ہوئی۔‘