عمران خان عدالت میں گاڑی سے نہ نکلے، واپس جانے کی اجازت
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں حاضری لگانے کے بعد عدالت نے واپس جانے کی اجازت دے دی ہے۔
سنیچر کو اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کے دستخط لے کر ان کی گاڑی میں ہی حاضری لگانے کی درخواست منظور کر لی گئی۔
جج ظفر اقبال نے عدالتی عملے کو گاڑی میں جا کر عمران خان کے دستخط لینے کی ہدایت کی جس کے بعد عمران خان کو واپس جانے کی اجازت دی گئی۔
وکیل بابر اعوان کی جانب سے عمران خان کی آج عدالت سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
قبل ازیں عدالت آتے ہوئے عمران خان کے قافلے کی گاڑیوں نے سری نگر ہائی وے پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی اور اُلٹی سمت میں چلتی رہیں۔
جوڈیشل کمپلیکس کے قریب تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے شیل چلائے گئے۔