’فلسطین پر بمباری بند کرو‘، تماشائی نے ورلڈکپ کا فائنل رکوا دیا
فلسطین کے شہر غزہ کی صورتحال نے دنیا کے ہر شہری کو متاثر کیا ہے اور انڈیا میں کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی بمباری بند کرنے کے مطالبے کی گونج سنائی دی۔
اتوار کو انڈیا کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میچ کو چند لمحوں کے لیے اُس وقت روکنا پڑا جب فلسطین کا حامی ایک تماشائی میدان میں داخل ہوا۔
انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان جاری فائنل میچ کے 14ویں اوور کے دوران فلسطین کے جھنڈے کا ماسک لگائے ایک تماشائی میدان میں آ گیا۔
صورتحال کے پیش نظر امپائرز کو کچھ دیر کے لیے میچ روکنا پڑا۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق ’ایک غیر متعلقہ شخص گراؤنڈ میں آ گیا تھا۔ اس کے بعد چند لمحوں کے لیے میچ روک دیا گیا۔‘
گراؤنڈ میں داخل ہونے والے شخص کی شرٹ پر انگریزی میں ’سٹاپ بمنگ فلسطین‘ یعنی فلسطین پر بمباری بند کرو کی عبارت درج تھی۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ شخص انڈین کپتان وراٹ کوہلی کے کندھے پر ہاتھ رکھے جا رہا ہے۔
چند ہی لمحوں میں فلسطین کے حامی تماشائی کو پولیس اور سکیورٹی اہلکار اپنی تحویل میں گراؤنڈ سے باہر لے گئے۔