پاکستان متفرق خبریں

دہشت گردوں کا حملہ، پاکستان کی فوج کا بڑا جانی نقصان

دسمبر 12, 2023

دہشت گردوں کا حملہ، پاکستان کی فوج کا بڑا جانی نقصان

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 23 جوان جان سے گئے۔

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کی علی الصبح چھ دہشت گردوں نے درابن کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا۔

بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنانے پر دہشت گردوں نے بھری ہوئی گاڑی پوسٹ سے ٹکرا دی جس کے بعد خود کش حملہ ہوا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ دھماکوں کے نتیجے میں قریبی عمارتیں تباہ ہوئی ہیں اور متعدد افرا ہلاک ہوئے۔

بیان کے مطابق اس واقعے میں 23 اہلکار جان سے گئے جبکہ تمام چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
’علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کلین اپ آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے اس ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

حملے کے بعد ڈی آئی خان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی جبکہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی ہدایت پر تحصیل درابن میں تعلیمی ادارے آج کے لیے بند کر دیے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے