عدلیہ مخالف مہم کی جے آئی ٹی، کن 47 افراد کو نوٹس بھیجے گئے؟
نگراں حکومت کی جانب سے بظاہر فوجی اسٹیبلشمنٹ کے ایما پر عدلیہ کے خلاف مہم کے نام پر بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے صحافیوں سمیت 47 افراد کو نوٹس جاری کیے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی طور پر صحافیوں مطیع اللہ جان، سرل المیڈا، ثاقب بشیر کو نوٹس جاری کئے گئے۔
دیگر افراد میں یوٹیوبرز عمران ریاض، صدیق جان، شاہین صہبائی، عادل راجہ، طارق متین، عارف حمید بھٹی، اوریا مقبول جان، صابر شاکر، اسد طور، اقرار الحسن اور اینکر پارس جہانزیب ،شامل ہیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے میڈیا کو جاری کیا بیان کچھ یوں ہے:
چیف جسٹس اور ریاستی اداروں کے خلاف غلط معلومات کی تشہیر، ایف آئی اے حرکت میں ہے.
سوشل میڈیا پر چیف جسٹس اور ریاستی اداروں کے خلاف توہین آمیز اور غلط معلومات کی تشہیر کے خلاف ایف آئی اے حرکت میں آئی ہے اور 115 انکوائریاں باضابطہ طور پر رجسٹر کر دی گئیں.
ایف آئی اے نے غلط معلومات پھیلانے والے 65 افراد کو نوٹس بھیج دیے.
ایف آئی اے کی تحقیقات اور مذکورہ کارروائی معاملے کی سنجیدگی کو ظاہر کر رہی ہے.
ایف آئی اے کے نوٹسز کے حوالے سے سماعت کی تاریخ 30 اور 31 جنوری 2024 مقرر کی گئی ہے.
جن افراد کو نوٹس بھیجے گئے ان میں میڈیا اور سوشل میڈیا کی 47 مشہور شخصیات بھی شامل ہیں.
چیف جسٹس اور ریاستی اداروں کے خلاف غلط معلومات پھیلانے کی پاداش میں ان 47 اہم افراد پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے.
ایف آئی اے کے اقدامات ادارے کی ملکی قوانین کی پاسداری کے عزم کا مظہر ہیں.

