پاکستان

تحریک انصاف کا مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج، اسلام آباد سکیورٹی ہائی الرٹ

مارچ 2, 2024

تحریک انصاف کا مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج، اسلام آباد سکیورٹی ہائی الرٹ

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے آج سنیچر کو احتجاج کی کال دی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے راولپنڈی اور اسلام آباد جبکہ حماد اظہر نے پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاج کے مقامات شیئر کیے ہیں۔

شیر افضل مروت نے ایکس پر ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ’اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریلی کی قیادت میں خود کروں گا کل کا احتجاج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج ہو گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ بارش کے باوجود اپنا احتجاج ریکارڈ کریں گے۔

ادھر اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ اور دفعہ 144نافذ العمل ہے۔

‏ضلع بھر میں گشت کو بڑھا دیا گیا ہے جبکہ ناکہ پوائنٹس پر چیکنگ سخت کردی گئی ہے۔

‏سی ٹی ڈی کے خصوصی دستے گشت پر تعینات کئے گئے جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

‏شہری دوران سفر ضروری شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں اور دوران چیکنگ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

‏ایف نائن پارک کی طرف ٹریفک کا رش ہوسکتا ہے اس لئے شہری اس طرف غیرضروری سفر سے اجتناب کریں۔

دوسری جانب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری انتخابی شیڈول کے مطابق وزیراعظم کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی آج جمع کرائے جائیں گے۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال دن سہ پہر تین بجے ہو گی۔
کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی کی قانون سازی برانچ سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب کل اتوار کو ہو گا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے