طالبہ ریپ واقعہ من گھڑت، ذمہ داروں کے خلاف حکومت مدعی: وزیراعلٰی پنجاب
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے صوبے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور کے نجی کالج میں طالبہ کے مبینہ ریپ واقعے کو مکمل طور پر من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں طلبہ کو اشتعال دلانے کے لیے سوشل میڈیا پر منفی اور جھوٹی مہم چلائی گئی۔ یہ ایک خاندان کی عزت کا کیس ہے۔ پنجاب حکومت اس میں مدعی بنے گی۔
بدھ کو لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ’میں صوبے کی وزیراعلیٰ ہونے کے ساتھ ماں بھی ہوں۔ آج تمام حقائق عوام کے سامنے رکھوں گی۔ ایک من گھڑت خبر کو ایشو بنایا گیا۔ ایس سی او ممالک کے سربراہان کی پاکستان آمد کے موقع پر سازش رچائی گئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جیسے ہی واقعے کی اطلاع ملی ہم نے اس طالبہ کو تلاش کرنے کی کوشش کی۔ ہم نے واقعے کی گہرائی میں جانے کی کوشش کی۔ 10 اکتوبر کو یہ واقعہ رپورٹ ہوا جس دن بچی کالج میں موجود ہی نہیں تھی۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف طلبہ کو استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ نے فیک ویڈیو اپ لوڈ کر کے سینکڑوں بچوں کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا۔ والدین جھوٹی خبر کے باعث اپنی بچیوں کے مستقبل کے لیے پریشان ہوئے۔‘
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ’جلاؤ، گھیراؤ کر کے یہ لوگ اپنی ڈوبتی ہوئی سیاست کو سہارا دینا چاہ رہے ہیں۔ یہ لوگ ملک دشمن ہیں۔ اگر یہ ساش کامیاب ہو جاتی تو کئی جانیں جا سکتی تھیں۔ پنجاب کا امن تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دوں گی۔‘