کمسن بچی کو ونی کرنے پر باپ کی خودکشی، دو ملزمان گرفتار
Reading Time: < 1 minuteڈیرہ پولیس نے ایک کارروائی میں خودکشی کرنے والے شہری کے وائس نوٹ پر واقعہ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے ایس پی گوہر خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ متاثرہ بچی بحفاظت ورثاء کے حوالے کردی، واقعہ مین ملوث دیگر ملزمان جلد پولیس کی حراست میں ہوں گے۔
محکمہ پولیس کے بیان کے مطابق سوشل میڈیا پر چلنے والے وائس نوٹ جس میں بے بسی سے خودکشی کرنےوالا عادل نامی شخص نے غلام فرید،کفایت وغیرہ کو نامزد کیا کہ زبردستی اس کی کمسن بچی سائرہ بی بی کا رشتہ (ونی) غلام فرید نے اپنے بیٹے سے کرایا۔
وائس نوٹ کے وائرل ہونے پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے فوری نوٹس لیا اور ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ سید اشفاق انور اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ کو واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ۔
ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ سید اشفاق انور نے ایس پی پہاڑپور گوہر علی خان کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس میں اے ایس پی پہاڑپور ASP علی حمزہ،ایس ڈی پی او پنیالہ بشارت خان، ایس ایچ اوز خالد جاوید اور امان اللہ شامل تھے۔
ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کر کے چھاپے مارنے کے بعد کمسن بچی س بی بی کو ونی کرنے والے مرکزی ملزم غلام فرید (لڑکے کے والد) اور عرائص نویس کفایت کو فوری طور پر گرفتار کرلیا ۔
ایس پی پہاڑپور گوہر خان کا کہنا تھا کہ متاثرہ کمسن بچی سائرہ بی بی کو بحفاظت پولیس نے ورثاء کے حوالے کر دیا۔
گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی جبکہ واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان بھی جلد پولیس کی حراست میں ہوں گے۔