انگلش کرکٹر ہیری بروک پر آئی پی ایل کھیلنے کی دو سال کی پابندی عائد
Reading Time: 2 minutesانڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) نے انگلینڈ کے بلے باز ہیری بروک پر دو سال کی پابندی عائد کر دی ہے اور وہ اگلے دو برس تک ’مال کمانے کے لیے مشہور‘ کرکٹ لیگ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
انڈیا کے ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا ہے کہ انگلینڈ کے بلے باز ہیری بروک پر انڈین پریمیئر لیگ سے دو سال کی پابندی عائد کر دی گئی ہے کیونکہ وہ آخری لمحات میں بین الاقوامی کرکٹ پر توجہ دینے کے لیے لیگ سے دستبردار ہو گئے تھے۔
26 سالہ کھلاڑی کو جوز بٹلر کے متبادل کے طور پر انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم کپتان کے طور پر تبدیل کرنے کے لیے سب سے آگے سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے اگلے ہفتے شروع ہونے والے آئی پی ایل سیزن کے لیے دہلی کیپٹلز سے معاہدہ کیا تھا۔
ہیری بروک آئی پی ایل کے گزشتہ سیزن میں دہلی کے ساتھ اپنے معاہدے سے بھی دستبردار ہو گئے تھے کیونکہ اپنی دادی کی موت کے باعث کرکٹ نہیں کھیل سکے تھے۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈین (بی سی سی آئی) کے ایک عہدیدار نے انڈین ایکسپریس اخبار کو بتایا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کو ہیری بروک کی پابندی کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔
عہدیدار نے کہا کہ پابندی ایک پالیسی کا حصہ تھی کیونکہ ’ہر کھلاڑی کو آئی پی ایل نیلامی کے لیے اپنا نام رجسٹر کرنے سے پہلے اس حوالے سے مطلع کیا جاتا تھا۔‘
یہ قوانین غیرملکی کھلاڑیوں کی طرف سے ’مال بنانے والی‘ ٹی20 لیگ سے آخری وقت پر دستبردار ہونے سے روکنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔
اس میں کچھ مستثنیات ہیں جو زیادہ تر کھلاڑی کے زخمی ہونے کی وجہ سے رکھے گئے ہیں۔
بروک نے رواں ہفتے سوشل میڈیا پر ’دہلی کیپٹلز‘ اور اس کے مداحوں سے اچانک لیگ سے الگ ہونے پر معذرت کی تھی کیونکہ وہ بین الاقوامی کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔
بروک نے آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد کے لیے 2023 میں ایک سیزن کھیلا ہے، جب انہوں نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف 55 گیندوں پر سینچری سکور کی تھی۔
2025 کا آئی پی ایل 22 مارچ سے شروع ہوگا جب دفاعی چیمپئن کولکتہ، ایڈن گارڈنز میں رائل چیلنجرز بنگلورو سے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گا۔