امریکی سینیٹ کی دوڑ، پاکستانی نژاد امریکیوں کی تنظیم کا ٹیکساس سے جیمز ٹیلاریکو کی حمایت کا اعلان
واشنگٹن: پاکستانی نژاد امریکیوں کی سیاسی تنظیم PAKPAC نے ٹیکساس سے امریکی سینیٹ کے امیدوار اور ریاستی رکنِ اسمبلی جیمز ٹیلاریکو (James Talarico) کی باضابطہ حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق پبلک اسکول ٹیچر جیمز ٹیلاریکو اس وقت ٹیکساس ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز کے رکن ہیں اور محنت کش طبقے کے حقوق کے لیے سرگرم آواز رہے ہیں۔
تنظیم کے مطابق خارجہ پالیسی کے حوالے سے ٹیلاریکو امن، انسانی حقوق اور شہریوں کے تحفظ پر مبنی پالیسی کے حامی ہیں۔ غزہ کی صورتحال پر وہ امریکی پالیسی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ امریکہ کو اخلاقی وضاحت کے ساتھ قیادت کرنی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ امریکی فنڈز شہریوں کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال نہ ہوں۔
پاک پیک نے کہا کہ ٹیلاریکو مذہبی امتیاز کے خلاف اور مسلمانوں سمیت مذہبی اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے بھی آواز اٹھاتے رہے ہیں۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ اسے توقع ہے کہ جیمز ٹیلاریکو امریکی سینیٹ میں مذہبی آزادی، تکثیریت، انسانی بنیادوں پر امیگریشن پالیسی اور بیرونِ ملک جنگوں کی مخالفت کے حوالے سے مؤثر آواز ثابت ہوں گے۔
پاکستانی نژاد امریکیوں نے مزید کہا کہ وہ ٹیلاریکو کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان کے حوالے سے انسانی حقوق، جمہوری اقدار اور خطے میں امن و استحکام پر مبنی امریکی خارجہ پالیسی کے لیے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

