سی پیک میں نئے منصوبے
Reading Time: < 1 minuteوفاقی حکومت نے کراچی سرکلر ریلوے اور پشاور سے کراچی تک ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن کے منصوبے سی پیک میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دونوں منصوبے جے سی سی میں پیش کیےجائیں گے۔۔ قومی اتحاد و اتفاق کے ساتھ سی پیک منصوبہ خواب سے حقیقت بن چکا ہے _
وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں سی پیک میں نئے منصوبے شامل کئے جانے کا جائزہ لیا گیا ۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے اور ایم ایل ون کے منصوبے کو سی پیک میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک سے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے ۔ پاکستان کا انفرا اسٹرکچر بہتر ہورہا ہے ۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے سی پیک میں شامل کیے گئے منصوبوں سے اتفاق کیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا _
احسن اقبال کا کہنا تھا پورٹ قاسم پاور پلانٹ کا افتتاح رواں ماہ کر دیا جائے گا۔ سی پیک کے پہلے فیز میں توانائی، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو مکمل کیا جا رہا ہے۔دوسرے فیز میں صنعتی تعاون کو بڑھایا جائے گا۔ سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ سی پیک کی جوائنٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس 20 اور 21 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ این ڈی آر سی کے نائب صدر چینی وفد کی قیادت کریں گے ۔