سپر لیگ فائنل کے لیے انتظامات
Reading Time: < 1 minuteپاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پانچ مارچ کو کھیلا جائے گا – فائنل میں پشاور زلمی کا سامنا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔ دبئی میں کھیلے گئے پلے آف مرحلے کے آخری میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ۔ پشاور زلمی کی اننگز کی خاص بات کامران اکمل کی شاندار بیٹنگ کی تھی جنھوں نے صرف 60 گیندوں پر سات چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی۔
قذافی سٹیڈیم میں 25 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے _ لاہور کے قذافی سٹیڈیم کے گردو نواح میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی شاہد آفریدی نے تصدیق کر دی ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ آفریدی تیسرے پلے آف کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ جو غیر ملکی کھلاڑی اس وقت پشاور زلمی کا حصہ ہیں ان میں ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کپتان ڈیرن سیمی اور مارلن سیموئلز، جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملان اور انگلینڈ کے سمت پٹیل اور کرس جارڈن شامل ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے پانچ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آ کر فائنل کھیلنے سے انکار کر چکے ہیں جس کے بعد اسے نئے غیرملکی کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہوگا۔ معذرت کرنے والے کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ، ٹائمل ملز، جنوبی افریقہ کے رائلی روسواور نیوزی لینڈ کے نیتھن میککلم شامل ہیں۔