گستاخانہ مواد ہٹانے کی ہدایت
Reading Time: < 1 minuteوزیراعظم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد ہٹانے کے لیے فوری طور پر موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے سماجی ویب سائٹس پر گستاخانہ مواد پھیلانے والوں کا سراغ لگائیں اور انھیں کڑی سزا دلانے کے لیے متحرک ہو جائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے کے ناموس رسالت کے قانون کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں کا بھی کڑا محاسبہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کے سوشل میڈیا کے بین الاقوامی اداروں سے بھی رجوع کر کے گستاخانہ مواد کی بندش کی ہر ممکن کوشش کی جائے اور اس سلسلے میں دفتر خارجہ موثر کردار ادا کرے۔
انھوں نے کہا ہے کہ یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور اس سلسلے میں عدالتی گائیڈ لائن کے مطابق تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
وزیر اعظم نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر گستاخانہ مواد کی بندش کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کریں اور اس کے ذمہ داروں کو بلاتاخیر کیفر کردار تک پہنچائیں اور اس انتہائی قابل مذمت اقدام کی مکمل بیخ کنی کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں انھیں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔