پاڑہ چنار دھماکے میں 21 جاں بحق
Reading Time: < 1 minuteقبائلی علاقے کرم ایجنسی کے شہر پاڑہ چنار میں امام بارگاہ کے نزدیک بم دھماکے میں 21 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے ہیں۔
علاقے سے منتخب رکن قومی اسمبلی ساجد حسین طوری نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ یہ کار بم دھماکہ تھا جس میں 21 افراد مارے گئے ہیں تاہم زخمیوں کی تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکا ۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے علاقے کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ فوج نے بم دھماکے کے بعد زخمیوں کی امداد اور انخلا کے لیے پشاور سے میڈیکل ہیلی کاپٹر روانہ کیا ۔ کرم ایجنسی فرقہ وارانہ جھڑپوں کی وجہ سے انتہائی حساس علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ یہاں ماضی میں فرقہ وارانہ فسادات کی وجہ سے ہزاروں لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔ جنوری میں بھی پاڑہ چنار کی سبزی منڈی کی عیدگاہ مارکیٹ میں ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم 24 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہو گئے تھے۔