ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید
Reading Time: < 1 minuteامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے بیانات کیلئے تنقید کی زد میں رہتے ہیں ۔ اس بار انھیں اس بیان پر شدید تنقید کا سامنا ہے جس میں انہوں نے ریاست ورجینیا میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے لیے دونوں اطراف کو قصور وار ٹھہرایا تھا ۔ شارلٹس ول شہر میں ہونے والے ان مظاہروں میں ایک خاتون ہلاک اور متعدد دوسرے زخمی ہو گئِے تھے۔
ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سفید فام نسل پرستوں کی مذمت کی تھی، تاہم اگلے دن نیویارک میں انھوں نے بائیں بازو کے دھڑوں کو بھی قصور وار ٹھہرایا اور کہا کہ انھوں نے ‘آلٹ رائٹ’ (دائیں بازو کے انتہاپسند) پر دھاوا بولا تھا۔ واضح رہے کہ ہنگاموں میں ہیتھر ہائر نامی 32 سالہ خاتون اس وقت ہلاک ہو گئی تھیں جب ایک شخص نے ان پر کار چڑھا دی تھی۔ صدر ٹرمپ کو اس بیان کے لیے شدید تنقید کا سامنا ہے اور مبصرین کے مطابق اس سے انھیں دور رس نقصان ہو سکتا ہے۔ نمایاں رپبلکن رہنماؤں نے صدر ٹرمپ پر اس حوالے سے تنقید کی ہے۔ رپبلکن سینیٹر جان میک کین نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ ’نسل پرستوں اور ان امریکیوں کے درمیان کوئی اخلاقی مطابقت نہیں ہے جو نفرت اور تعصب کے خلاف کھڑے ہو رہے ہیں۔‘ ایریزونا کے سینیٹر جیف فلیکس نے کہا ہے کہ سفید فام نسل پرستی کے لیے بہانے قابلِ قبول نہیں ہیں۔ ایوانِ نمائندگان کے رپبلکن سپیکر پال رائن نے کہا کہ یہ بات واضح کرنا اہم ہے کہ سفید فام نسل پرستی نفرت انگیز ہے۔