پولیس نے ٹرمپ کا نشہ پکڑ لیا
Reading Time: < 1 minuteجرمن پولیس نے ایسی نشہ آور گولیاں پکڑیں ہیں جو ٹرمپ کی وجہ سے پارٹیوں کی تفریح کو بڑھانے کے نعرے کے ساتھ فروخت کی جانی تھیں۔ جرمنی کے شہر اوسنابروک میں پکڑی جانے والی ان گولیوں پرامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل بنائی گئی تھی۔ نارنجی رنگ کی 5000 تفریحی استعمال کی گولیاں منشیات ایکس ٹی سی کہلاتی ہیں۔ پولیس نے اس کارروائی میں آسٹریا سے تعلق رکھنے والے باپ بیٹے کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس کاکہناہے کہ منشیات کی ان گولیوں کو انٹرنیٹ پر بیچنے کا منصوبہ تھا اور اس کے لیے ایک مخصوص سلوگن کہ ‘ٹرمپ تفریحی پارٹیوں کو بھرپور بنائیں گے’ بھی تیار کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق مشکوک گاڑی پر چھاپے کے دوران نشہ آور گولیوں کے علاوہ نقد رقم بھی ملی۔ اندازہ ہے کہ ضبط کی جانے والے منشیات کی قیمت تقریباً 47000 ڈالر ہے۔ ان گولیوں میں ایک جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل ہے جبکہ اس کی دوسری جانب ان کا خاندانی نام درج ہے۔ پولیس کے مطابق منشیات کی یہ گولیاں لے جانے والا آسٹریا کا 51 سالہ شہری اپنے 17 سالہ بیٹے کے ساتھ ہالینڈ سے جرمنی آ رہا تھا۔
ڈاکٹرز اور ماہرین طب کا کہنا ہے کہ ایکس ٹی سی نامی گولیاں تفریحی نشے کیلئے استعمال کی جاتی ہیں لیکن زیادہ مقدار میں کھانے سے انسان مر بھی سکتا ہے۔