سعودی عرب کو انتباہ
Reading Time: < 1 minuteایرانی صدر حسن روحانی نے سعودی عرب کو خبردار کیا ہے کہ علاقائی ریاستوں کے لیے مسائل پیدا کرنے کی بجائے اپنے داخلی مسائل کے حل پر توجہ دے۔ یہ خبر ایرانی صدر کی ویب سائٹ نے رپورٹ کی ہے ۔ ویب سائٹ کے مطابق ایرانی کابینہ کے اجلاس میں صدر نے سعودی حکام کے بارے میں کہا کہ وہ علاقائی ممالک کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بجائے اپنے اندرونی مسائل کو حل کرے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ اگر آج ان کو داخلی مسائل کا سامنا ہے تو اپنی کوششیں ان کو حل کرنے پر لگائیں کیونکہ ان کے داخلی مسائل سے دوسروں کے لیے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ ایرانی صدر نے کہا کہ کیا سعودی عرب علاقے کے تمام ممالک کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہتا ہے۔
ایرانی صدر نے سعودی کو مخاطب کر کے کہا کہ آپ ایران کے کردار اور طاقت سے باخوبی واقف ہیں۔ آپ سے کہیں زیادہ بااثر طاقتیں ایرانی قوم کے خلاف کچھ نہیں کر سکی ہیں۔ اس سے قبل سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران پر الزام لگایا تھا کہ وہ یمن میں باغیوں کو میزائل فراہم کر کے براہ راست جارحانہ فوجی کارروائی میں ملوث ہونے کا مرتکب ہو رہا ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ نے رہورٹ کیا تھا کہ برطانوی وزیرخارجہ بورس جانسن سے فون پر بات کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ایران کی جانب سے حوثی باغیوں کو میزائل کی فراہمی کو سعودی عرب اپنے خلاف جنگ تصور کر سکتا ہے۔