اسمبلیاں توڑنے کی دھمکیاں دی گئیں
Reading Time: < 1 minuteوزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مجھے صوبائی اسمبلیاں توڑنے کی دھمکیاں دی گئیں ۔ اب اگر پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں میں ہمت ہے تو اس دھمکی پر عمل کر گزریں۔ بھکر میں ہیلتھ کارڈ تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ن لیگ کسی پر لعنت بھیجنے والی سیاست نہیں کرتی، لعنت والوں میں ہمت ہے تو اسمبلیاں توڑ دیں، ن لیگ کا پیغام محبت ہے جبکہ مخالفین کا پیغام لعنت ہے، اب فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ انہیں کس کا پیغام چاہئے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے متحدہ اپوزیشن کے احتجاجی جلسے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جلسے میں تقریر کرنے والے زیادہ اور سننے والے کم تھے، جلسے میں پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی گئی، مجھے صوبائی اسمبلیاں توڑنے کی دھمکیاں دی گئیں، لعنت بھیجنے والوں اور مال روڈ پر سرکس کرنے والوں کو واضح پیغام ہے کہ جس میں ہمت ہے وہ اسمبلیاں توڑ دے، لعنت بھیجنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد لے آئیں۔ عوام کو ملک کے تمام صوبوں میں ن لیگ کے منصوبے نظر آئیں گے، ہمیں عدالتوں میں گھسیٹا گیا اور دھرنے ہوئے لیکن ہم عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹے، ہمارے سیاسی مخالفین کی صوبائی حکومتیں ہیں لیکن وہ کوئی کام نہیں کرسکے۔